پٹنہ، 28دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)راشٹریہ جنتا دل کے سربراہ لالو پرساد نے وزیر اعظم نریندر مودی پر کالا دھن کے نام پر 500اور 1000روپے کے نوٹ پر روک لگا کر ملک کو پیچھے دھکیلنے کا الزام لگاتے ہوئے بہار کے تمام ضلع کواٹر میں آج دھرنے کا اہتمام کیا۔نوٹ بندی کی مخالفت میں راشٹریہ جنتا دل کی طرف سے پٹنہ میں منعقدہ مہادھرنا سے خطاب کرتے ہوئے لالو نے کہا کہ اس دھرنا پروگرام کے بعد وہ پٹنہ میں ایک ریلی کا انعقاد کریں گے جس کی تاریخ کااعلان ایک ہفتے کے اندر اندر کر دیں گے۔انہوں نے نوٹ بندی کی وجہ سے ملک میں صورت حال انتہائی خراب ہونے اور ہاہاکار مچنے اور معیشت کے چوپٹ ہو جانے کا دعوی کرتے ہوئے کہا کہ وہ مذکورہ ریلی میں ویسی تمام جماعتوں کو مدعو کریں گے جو نوٹ بندی کے حق میں نہیں ہیں،وہ آئیں یا نہیں یہ ان کی مرضی ہے۔لالو نے کہا کہ نوٹ بندی کی مخالفت میں جو بھی پارٹیاں کھڑی ہیں، وہ متحد ہو کر قومی سطح پر تحریک چھیڑنے کا پروگرام بنائیں، وہ اس میں ساتھ ہوں گے۔لالو کے اس دھرنے میں راشٹریہ جنتا دل کے ساتھ ریاستی حکومت میں شامل جے ڈی یو اور کانگریس کے نہیں آنے کی بحث کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچھ اخبارات نے لکھا ہے کہ لالو اکیلے پڑ گئے،لوگوں کو غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہئے۔وزیر اعلی نتیش کمار نے کہا ہے کہ وہ 50دنوں کے بعد نوٹ بندی کا جائزہ لیں گے۔کانگریس سے لے کر لیفٹ اور ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے یہاں آکر دھرنا دیا ہے،تمام جماعتوں کی طرف سے اپنے اپنے طریقے سے تحریک چلائی جا رہی ہے،پورے ملک میں اپوزیشن ایک ہے اور اسے اور رفتار دئے جانے کی ضرورت ہے۔